لاہور (جیوڈیسک) لاہور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے صوبائی وزرا کو محکمے الاٹ کر دیئے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق رانا ثنا اللہ خان کو لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کا وزیر مقرر کیا گیا ہے، قانون و پارلیمانی امور کا اضافی چارج بھی انہیں سونپا گیا ہے۔
راجہ اشفاق سرور محنت و انسانی وسائل ، رانا مشہود احمد کو سکول ایجوکیشن کا وزیر بنایا گیا ہے جبکہ ہائر ایجوکیشن، یوتھ افیئرز، سپورٹس، آرکیالوجی اور ٹور ازم کا اضافی چارج بھی ان کے پاس ہو گا۔ میاں مجتبی شجاع الرحمن کو وزیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں ایکسائز و ٹیکسیشن کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔
بلال یسین خوراک، ملک اقبال چننڑ کو آپریٹو، میاں یاور زمان آبپاشی، میاں عطا محمد مانیکاسوشل ویلفیئر، ملک ندیم کامران زکوا و عشر، کرنل (ر) شجاع خانزادہ تحفظ ماحولیات کے وزیر مقرر، تنویر اسلم ملک ہاوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ، شیر علی خان انرجی کے وزیر ہوں گے، انہیں معدنیات کا اضافی چارج بھی مل گیا۔ ڈاکٹر فرخ جاوید زراعت، ہارون احمد سلطان اوقاف و مذہبی امور۔
آصف سعیدمنیس اسپیشل ایجوکیشن ،خلیل طاہر سندھو انسانی حقوق و اقلیتی امور کے وزیر بن گئے۔ انہیں محکمہ صحت کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔ ذکیہ شاہ نواز بہبود آبادی، حمیدہ وحیدالدین ترقی خواتین، عبدالوحید چوہدری جیل خانہ جات، آصف ملک جنگلات اور چوہدری شفیق کو صنعت، کامرس اور انوسٹمنٹ کے محکمے الاٹ کئے گئے۔