اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ناکامیوں کی داستان سناتا، قومی اقتصادی سروے آج جاری ہو گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سروے پیش کریں گے۔ سروے کے مطابق اقتصادی ترقی کی شرح، زراعت اور صنعت کے فروغ کے اہداف حاصل نہیں ہو سکے ہیں۔ بجٹ کی آمد سے ایک روز پہلے جاری ہونے والا اقتصادی سروے گزشتہ حکومت کی معاشی کارکردگی کی قلعی کھول دے گا۔
معاشی ترقی کا چار فیصد ہدف 4 فیصد حاصل نہیں ہوسکا اور اس کی شرح 3.6 فیصد رہی۔ زراعت میں بھی 4 فیصد ترقی کا ہدف رکھا گیا مگر یہ شرح صرف 3.3 فیصد رہی۔ گندم، مکئی، اور چینی کی فصلیں تو ہدف کے قریب رہیں لیکن کپاس او ر چاول کی پیداوار متاثر ہوئی ۔ لائیو اسٹاک کا شعبہ بھی 3.9 فیصد کے مقررہ ہدف نہ چھو سکا اور یہ شرح 3.7 رہی۔
زنگ آلود صنعتی پہیہ رواں دواں نہ ہوسکا اور پیداواری شعبے میں بھی 4.1 فیصد کے ہدف پر بے قابو ہوگیا اور یہ شرح صرف3.7 فیصد رہی۔ خدمات کے شعبے میں بھی4.6 فیصد کی ترقی کا ہدف، خواب خیال بن گیا اور یہ شرح صرف 3.7 فیصد رہی۔ پانچ سال میں سرمایہ کاری اور بچتیں بھی سکڑ گئیں اور 08-2007 میں بچت اور سرمایہ کاری معیشت کا 19.2 فیصد تھی تاہم اب محض 14.2 فیصد ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 13.47 فیصد، جیٹ فیول کی پیداوار میں 0.47 فیصد اضافہ۔
مٹی کے تیل کی پیداوار میں 15.51 فیصد، پٹرول کی پیداوار میں 21.9 فیصد ،ڈیزل کی پیداوار میں 15.7 فیصد،فرنس آئل کی پیداوار میں 19.83 فیصدجبکہ مائع پٹرولیم گیس کی پیداوار میں 25.7 فیصد اضافہ ہوا۔ اقتصادی سروے کے مطابق چینی کی پیداوار میں 3.04 فیصد اضافہ ہوا، پیپر بورڈ کی پیداوار میں 3.04 فیصد اضافہ ہوا۔ کھاد کی پیداوار 7.84 فیصد کم ہوگئی جبکہ سیمنٹ کی پیداوار میں 6.08 فیصد اضافہ ہوا۔