نیو کراچی : نو مولود بچے کے اغوا کا بھانڈا پولیس نے پھوڑ دیا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں غربت سے تنگ والدین نے نو مولود بچہ اپنی دوست کو دیدیا اور پھر بچے کے اغوا کا ڈرامہ رچا کر ایف آئی آر بھی درج کرا دی،پولیس نے والد ، خالہ اور ایک دوسری عورت کو گرفتار کر کے بچہ برآمد کر لیا ہے۔ سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی سے نو مولود بچے کے اغوا کا بھانڈا پولیس نے پھوڑ دیا۔

نیو کراچی تھانے میں گزشتہ روز نو مولود بچے کے اغوا کی ایف آئی آر درج کرائی گئی جس میں بچے کی والدہ سیما نے الزام عائد کیا کہ ان کا ایک دن کا بچہ کسی عورت نے اغوا کر لیا ہے۔

پولیس نے نیو کراچی میں واقع ایک گھر پر چھاپہ مار کر بچے کی والدہ کی دوست حما کو گرفتار کر کے بچہ تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے بچے کے والد عظیم اور خالہ نسرین کو بھی گرفتار کر لیا اور آخر کار والدین نے بتایا کہ غربت سے تنگ آ کر انہوں نے بچہ اپنی دوست کو دیا تھا ، پولیس نے تینوں گرفتار ملزمان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کرانے اور قانون کو گمراہ کرنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔