اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد سپریم کورٹ نے شولڈر پروموشن کا قانون آئین و قانون سے متصادم اور برابری کے اصولوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے شولڈر پروموشن واپس لینے کا حکم دیا ہے۔ سندھ پولیس شولڈر پروموشن ایکٹ کالعدم قرار دے دیا گیا۔
جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شولڈر پروموشن کا قانون آئین و قانون سے متصادم اور برابری کے اصولوں کے خلاف ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ حکم پر عمل کرکے سندھ پولیس میں آئے ہوئے اہلکاروں کو ان کے محکموں میں واپس بھیجا جائے اور سندھ خلاف ضابطہ ترقیاں اور شولڈر پروموشن کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔
فیصلے میں سندھ سول سرونٹ ایکٹ انیس سو تہتر کے تحت بائیس جنوری 2002 سے ہونے والی تمام خلاف ضابطہ ترقیاں اور 1994 سے سندھ حکومت میں ضم کرنے کے قانون سے مستفید ہونے والوں کی ترقیاں بھی کالعدم قرار دے دی گئی ہیں۔