کراچی (جیوڈیسک) کراچی شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی نے انسداد دہشتگردی کی عدالت کے سزائے موت کے فیصلے کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔ فیصلے کے خلاف اپیل میں شاہ رخ جتوئی نے موقف اختیار کیا ہے کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے حقائق نظر انداز کر کے سزائے موت کا حکم سنایا۔
بارہ صفحات پر مشتمل اپیل کے ساتھ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کی نقول بھی منسلک ہیں۔ اپیل میں عدالت عالیہ سے سزا کا حکم کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ مقدمے میں سزائے موت پانے والے سراج تالپور اور عمر قید کی سزا پانے والے سجاد تالپور نے بھی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔