اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بجٹ دو ہزار تیرہ چودہ میں پرتعیش گاڑیوں پر ٹیکس کی چھوٹ ختم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ بڑی ہائبرڈ گاڑیوں پر درآمدی ڈیوٹی پچیس فیصد مزید کم کرنے کی تجویز دی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں اپنی بجٹ تقریر میں کہا ہے کہ پر تعیش گاڑیوں پر ٹیکس کی چھوٹ ختم جبکہ بارہ سو سی سی انجن تک گاڑیوں کو درآمدی ڈیوٹی سے مستثنی کر دیا گیا ہے۔ تقریر میں انہوں نے کہا کہ بارہ سو سی سی سے اٹھارہ سو سی سی تک ہائبرڈ گاڑیوں پر کسٹمز ڈیوٹی میں پچاس فیصد کمی کر دی گئی ہے۔
جبکہ اٹھارہ سو سے پچیس سو سی سی تک گاڑیوں کی ڈیوٹی میں پچیس فیصد کمی کی تجویز ہے۔ حکومت کے اس اقدام سے ہائبرڈ گاڑیاں دو سے چار لاکھ روپے تک سستی ہو جائیں گی۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ گاڑیاں سستی ہونے سے عام کاروں کی قیمتوں میں بھی پانچ سے دس فیصد کمی کا امکان ہے۔