لاہور (جیوڈیسک) بجلی اور پانی کی عدم دستیابی کے خلاف لاہور کے علاقے شاہدرہ کے رہائشی چار گھنٹوں تک جی ٹی روڈ پر بیٹھے رہے۔ ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ویسے تو بجلی بحران نے پوری قوم کو ہی عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے لیکن بعض جگہوں پر متعلقہ اداروں کی ناقص کارکردگی بھی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔
لاہور کے علاقے شاہدرہ میں بھی کچھ ایسی ہی صورت حال دیکھنے میں آئی جہاں پچھلے دوروز سے بجلی نے اپنا چہرہ نہ دکھایا تو یہاں کے رہائشیوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے جی ٹی روڈ بلاک کر دی۔ بجلی غائب ہوئی تو پانی بھی کہیں دور جا چھپا جس کے خلاف مظاہرین گھنٹوں تپتی دھوپ میں چار گھنٹوں تک سراپا احتجاج بنے رہے۔
ایک طرف جہاں مظاہرین گرمی کا سامنا کرتے ہوئے مظاہرہ کرتے رہے تو وہیں ٹریفک جام ہونے سے مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا تاہم مسافروں اور پولیس کے سمجھانے بجھانے پر مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔