ممبئی (جیوڈیسک) ممبئی این جی ٹی 2008 میں بننے والی بالی ووڈکی کامیاب فلم بھوت ناتھ کا سیکوئل بنانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ فلم بھوت ناتھ میں بالی ووڈکے شہنشاہ امیتابھ بچن مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے بھوت کے روپ میں جلوئہ گر ہوئے جسے شائقین نے بے پناہ پسند کیا تھا۔
پانچ سال بعد اب پروڈیوسر روی چوپڑا نے اس فلم کا سیکوئل بنانے کا اعلان کر دیا ہے جس میں ایک بار پھر امیتابھ اپنے سابقہ کردار میں نظر آئیں گے۔ امیتابھ بچن کے علاوہ فلم میں بمن ایرانی کے علاوہ ایک نئے بچے کو کاسٹ کر لیا گیا ہے تاہم بقیہ کاسٹ کے بارے میں تاحال کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔
کامیڈی سے بھرپور اس فلم کا بجٹ تیس کروڑ روپے رکھا گیا ہے اور اسکا اسکرپٹ بھی فائنل کر دیا گیا ہے۔ فلم کی عکس بندی کا آغاز رواں سال نومبر سے کر دیا جائے گا جبکہ آئندہ برس اپریل میں بھوت ناتھ کا سیکوئل سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کر دیا جائے گا۔