ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں لین دین کے تنازع پر پولیس نے اداکارہ لیلی کو گرفتار کر لیا تاہم تین گھنٹے بعد تھانے میں رکھنے کے بعد اداکارہ لیلی کو رہا کر دیا گیا۔ اداکارہ لیلی پر 2010 میں کینٹ پولیس سٹیشن میں بابر تھیٹر کے مالک شیخ نعیم نے مقدمہ درج کرایا تھا۔
مقدمہ میں شیخ نعیم نے موقف اختیار کیا کہ اداکارہ لیلی نے ان سے 4 لاکھ کا چیک لیا جسے وہ واپس نہیں کر رہی ہیں۔ اداکارہ لیلی ڈرامہ میں حصہ لینے ملتان آئی تو پولیس نے انہیں مقامی ہوٹل سے گرفتار کرکے تھانہ کینٹ میں بند کر دیا۔ اداکارہ لیلی کا کہنا تھا کہ ان پر جھوٹا مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔
پولیس نے غلط فہمی میں انہیں گرفتار کیا ہے تاہم ملتان کے عوام ان سے پیار کرتے ہیں اور وہ آئندہ بھی یہاں آتی رہیں گی۔ بابر تھیٹر کے مالک پروڈیوسر شیخ نعمیم کا کہنا تھا کہ ان کی صلح ہو چکی ہے تاہم اب کاغذی کاروائی ہونا باقی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ لیلی 2010 سے مقدمہ میں اشتہاری تھیں تاہم اب دونوں فریقین کی صلح کے بعد اداکارہ لیلی کو رہا کرکے ان پر مقدمہ خارج کر دیا گیا ہے۔