وفاقی وزرا ، ارکان پارلیمنٹ کے غیر ضروری بیرونی دوروں پر پابندی

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں نواز شریف نے وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور متعلقہ حکام کے غیر ضروری بیرون ملک دوروں پرپابندی عائدکردی ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نیاس ضمن میں سفارشات بھی تیارکرلی ہیں۔ ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف کی طرف سے تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنوں اور ماتحت اداروں کو ہدایات دی گئی ہیں۔

وفاقی وزرا ،وزرا مملکت،ارکان پارلیمنٹ اور دیگر حکام بیرونی ممالک دوروں میں 30 فیصد تک کمی لائیں ، اوربیرون ملک دورے سے قبل مجازاتھارٹی سے اجازت بھی حاصل کی جائے۔ وفاقی وزرا کووزیر اعظم جبکہ ارکان قومی اسمبلی کو اسپیکر اورسینیٹرز کوایوان بالا کے چیئرمین سے منظوری لینا ہو گی۔

اسی طرح وزارتوں، ڈویژنوں اور ماتحت اداروں کے حکام بھی مجاز اتھارٹی سے منظوری لینے کے پابندہوں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں ارکان کے دوروں کو کم کرنے کے بارے میں ایک سمری بھی تیار کر لی ہے جس میں ان دوروں پر اٹھنے والے اخراجات میں 40 فیصد تک کمی لانے کی سفارشات شامل ہیں۔