جمعہ کو برما کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج کیا جائیگا، جماعت اسلامی

Munawar Hussain

Munawar Hussain

لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن کی اپیل پر جمعہ کو یوم احتجاج منایا جائے گااس موقع پر چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے، جلسے جلوس اور ریلیاں ہوں گی جن میں برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور میانمار حکومت کے مسلم اقلیت پر ظلم و بربریت کی مذمت کی جائے گی۔

منصورہ سے جاری ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے عالمی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور خاص طور پر عالم اسلام سے اپیل کی کہ برما کے مظلوم مسلمانوں پر جاری ظلم و بربریت کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ ود یگر عالمی اداروں کی بے حسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہاہے۔

فلسطین کشمیر کے بعد اب برما میں مسلمانوں کی نسل کشی اور قتل عام جاری ہے۔ انہوں نے عالم اسلام کے حکمرانوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اراکانی مسلمانوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کر کے اس پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔