گلگت: کارگاہ نالے میں طغیانی، 2 درجن سے زائد مکان تباہ

Gilgit

Gilgit

گلگت کے کارگاہ نالے میں طغیانی کے باعث دو درجن سے زائد مکانات تباہ ہو گئے، سیلابی پانی گھروں میں داخل ہو نے کے بعد پاک فوج نے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ پہاڑوں پر برف پگھلنے کے باعث آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی۔ دو درجن سے زائد مکانات تباہ ہو گئے۔ بجلی کے کھمبے اور درخت بھی جڑوں سے اکھڑ گئے۔ مجموعی طور پر ایک ہزار کنال زرعی اراضی سیلابی ریلے کی نذر ہو چکی ہے۔

نالے میں طغیانی کے باعث واٹر چینل سمیت مرکزی شاہراہ بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ ایک ہفتے سے شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی بھی مکمل طور پر بند ہے۔ بسین میں دو روز سے کھلے آسمان تلے بے یارو مددگار شہری امداد کے منتظر ہیں۔ پاک فوج کیجوانوں نے امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ گلگت، غذر رابطہ پل کی تعمیر کا کام بھی شروع کر دیا ہے۔

گزشتہ برس طغیانی اور سیلاب کے بعد کارگاہ نالے کے دونوں اطراف کی آبادی کو محفوظ بنانے کیلئے حفاظتی تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا لیکن کروڑوں روپے کے فنڈز جاری ہونے کے باوجود اس دیوار کا نام ونشان تک موجود نہیں۔