اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی منظوری دیدی۔ میاں نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں لوڈ شیڈنگ میں کمی لانے اور نئی انرجی پالیسی پر بھی غور کیا گیا۔ اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم میاں نواز شریف نے ہدایت کی کہ بجلی کے نئے ٹیرف طے کرتے وقت عام آدمی کا خیال رکھا جائے۔
اجلاس میں لوڈ شیڈنگ میں کمی سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ ماہرین نے وزیراعظم کو بریفنگ دی کہ نئی انرجی پالیسی رواں ماہ کے آخر تک تیار کر لی جائے گی۔ وزیراعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز مشاورتی عمل میں شامل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں توانائی کے متبادل ذرائع کے استعمال سے متعلق ٹھوس اقدامات اور وزیراعظم کی جانب سے توانائی بحران کے ہفتہ وار جائزے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
میاں نواز شریف نے فوری طور پر ہمسایہ ممالک سے بجلی کی خریداری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزارت پانی و بجلی کے حکام نے شرکا کو بتایا کہ بجلی کے نادہندگان سے وصولی کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔