بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی

Heating

Heating

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔ خیبرپختونخواہ، اسلام آباد سمیت پنجاب، جنوبی سندھ اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ تاہم کراچی کل کی ہلکی پھلکی بارش کے بعد بھی گرم ہواوں اور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے

ملک کے مختلف شہروں میں ہونے والی پری مون سون کی بارشوں نے شدید گرمی کو لگا دیا ہے بریک۔۔ لوڈشیڈنگ کے ستائے دل جلوں کی مرادیں بر آئیں۔ کالی گھٹائیں چھائی اور موسم نے لی انگڑائی۔ پنجاب میں ڈی جی خان، میانوالی، جھنگ، سرگودھا سمیت کئی شہروں میں کئی طوفانی اور کہیں ہلکی پھوہار نے موسم دلفریب کردیا۔

بھکر میں رحمت زحمت بن گئی جب طوفانی بارشوں سے متعدد مکانات گرگئے اور چھ افراد زخمی ہوگئے۔ اسلام آباد راولپنڈی سمیت خیبرپختوانخواہ بلوچستان اور سندھ کے مختلف شہروں میں بارشیں ہوئی۔ کراچی کے باسیوں کے لئے بھی بادل کہیں گھن گرج کے ساتھ برسے۔

کہیں بس ہلکی بوندا باندی پر ہی قناعت کیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخواہ، اسلام آباد سمیت پنجاب،جنوبی سندھ اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اب بھی کئی شہروں میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور سب سے زیادہ گرمی دالبندین میں ریکارڈ کی گئی جہاں درجہ حرارت چوالیس سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔