اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات عیدالفطر کے بعد ہونگے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پچیس جون کے بعد ان حلقوں کی ووٹر لسٹوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں ہو سکے گی۔ اسلام آباد قومی اسمبلی کی سولہ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی بائیس خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن اگست میں کرائے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق یہ نشستیں مختلف کامیاب امیدواروں نے خالی کی ہیں یا پھر وہاں کسی امیدوار کے انتقال یا کسی اور وجہ سے پولنگ روک دی گئی تھی۔ پنجاب میں قومی اسمبلی کی سات، سندھ میں تین، خیبر پختونخوا میں پانچ اور بلوچستان میں ایک نشست پر ضمنی الیکشن ہونگے۔
پنجاب اسمبلی کی چودہ، سندھ کی دو، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی تین، تین صوبائی نشستوں پر بھی الیکشن ہونگے۔ الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ان حلقوں میں انتخابی فہرستوں کو 25 جون سے منجمد کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔