متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کوئٹہ کے علاقے زیارت میں تاریخی ثقافتی ورثے قائداعظم ریزیڈنسی پر حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور آتشزدگی کے باعث پوری تاریخی عمارت جل کر خاکستر ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ زیارت میں قائداعظم ریزیڈنسی پاکستان کا تاریخی ثقافتی ورثہ تھی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی کی چند تاریخی نشانیوں میں سے ایک تھی جسے تباہ کرکے پاکستان کے تاریخی ثقافتی ورثے کو نقصان پہنچایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ زیارت میں قائداعظم ریزیڈنسی جیسے تاریخی ثقافتی ورثے کو تباہ کرکے پاکستان کی تاریخ اور ثقافت پر حملہ کیا گیا ہے۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قائداعظم ریزیڈنسی پر حملے اور قدیم ثقافتی ورثہ کی تباہی کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور اس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔