ایران (جیوڈیسک) اعتدال پسند حسن روحانی ایران کے نئے صدر منتخب ہو گئے۔ حسن روحانی نے اکیاون فیصد ووٹ حاصل کیے۔ ایران میں گیارہویں صدر کے انتخاب کے لئے ہونے والی پولنگ میں لوگوں نے بھرپور انداز میں حصہ لیا اور حکام کے کا کہنا ہے کہ ووٹنگ ٹرن آٹ ستر فیصد رہا۔ ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور ابتدائی نتائج کے مطابق حسن روحانی کو اپنے مخالفین پر برتری حاصل ہے۔
وزیر داخلہ مصطفی محمد نجارکے مطابق حسن روحانی نے اب تک چالیس لاکھ ایک ہزار چار سو اننچاس ووٹ حاصل کئے ہیں۔ ان کے مخالف امیدواروں میں باقر قالی باف نے ایک لاکھ چھبیس ہزارآٹھ سو نناوے اور سعید جلیلی نے ایک لاکھ انیس ہزار دو سو چورانوے ووٹ حاصل کئے۔
ادھر انتخاب میں حصہ لینے والے چھ امیدواروں نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں اپنے حامیوں سے سرکاری نتیجہ آنے تک جذبات پر قابو رکھنے کو کہا گیا ہے۔ امریکا سمیت دنیا بھر کی نظریں ایرانی انتخابات کے نتائج پر ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ نئے ایرانی صدر عالمی طاقتوں سے تعلقات بہتر کرنے کے لئے کام کریں گے۔