بلوچستان (جیوڈیسک) سانحہ ویمن یونیورسٹی پر حکومت بلوچستان نے آج صوبے میں سوگ جبکہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کوئٹہ میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان کا کہنا ہے کہ عوام تعاون کریں تو دہشت گردوں سے نمٹا جا سکتا ہے۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان کے مطابق سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی بس میں دھماکے سے 14 طالبات کی شہادت پر آج صوبے میں یوم سوگ منایا جائے گا۔
دوسری طرف، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے اس واقعے کے خلاف آج کوئٹہ شہر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے ہڑتال کی کال کی حمایت کر دی ہے۔
بولان میڈیکل کمپلیکس میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے نرسوں کی شہادت پر اسٹاف نرسنگ فیڈریشن نے صوبے بھر کے ھسپتالوں میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے ذرائع سے گفتگو میں کہا کہ جان پر کھیل کر لوگوں کی حفاظت کرنے والے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔