کراچی (جیوڈیسک) کراچی گزشتہ رات پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں بار ش کا سلسلہ جاری رہا۔محکمہ موسمیات نے آج کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پنجاب کے علاقوں وہاڑی اور مظفر گڑھ میں موسلادھار بارش ہوئی۔ سندھ میں خیرپور اور گردونواح میں آندھی کے بعد بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
سکھر میں ہلکی بارش ہوئی تاہم بارش کا چھینٹا پڑتے ہی شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ گزشتہ روز بھی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار رہا، سب سے زیادہ بارش لاہور میں 102 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ملک میں جہاں بادل برسے، وہیں بیشتر علاقوں میں سورج بھی آگ برساتا رہا۔
تربت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیاجبکہ سبی، سکھر، جیکب آباد میں 45 اور روہڑی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا، پنجاب میں اکثر مقامات پر جبکہ شمال مشرقی بلوچستان اور سندھ میں کہیں کہیں تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔