اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ پاک فوج نیوی اور فضایہ کی مدد سے ملک کے خلاف کسی بھی فوجی جارحیت کو ناکام بنانے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے یہ بات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں آرمی وار گیمز عزمِ نو فور کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔
تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے بھی شرکت کی۔ آرمی وار گیمز کا آغاز تین جون کو ہوا تھا جس کے دوران جامع ریسپانس کی تیاری کے لئے اسٹریٹجک اور آپریشنل پلانز کو بہتر بنایا گیا۔ وار گیمز کے دوران پاکستان ائر فورس کے آپریشنل پلانز کو بھی آرمی کے قریبی اشتراک سے حتمی شکل دی گئی۔
جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ عزم نو مشقیں مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے انتہائی اہم ہیں، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فوجی کامیابی کا دارومدار مکمل تیاری، دیگر اداروں کی مدد اور عوامی حمایت پر ہوتا ہے۔