کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار اوروفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا دہشت گردوں کے حملے میں تباہ قائد اعظم ریزیڈنسی کا دورہ، نقصانات کا جائزہ لیا۔ چودھری نثار کے ہمراہ وزیر مملکت جام میر کمال اور نیشنل پارٹی کے رہ نما میر حاصل بزنجو بھی تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خاں نے کہا زیارت میں قائد اعظم ریزیڈنسی ہمارا قومی ورثہ تھا۔
ریزیڈنسی کی عمارت کو دوبارہ تعمیر کریں گے،عمارت کی تعمیر میں 3سے 4 ماہ کا عرصہ لگے گا، زیارت میں قائد اعظم ریزیڈنسی اور کوئٹہ بم دھماکوں کے واقعات پر بہت افسوس ہے۔ ہم ایک پالیسی بنائیں گے جس کے تحت ملک میں تاریخی مقامات کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جائیگا۔
بعد ازاں چوہدری نثار گزشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملے میں جاں بحق ڈپٹی کمشنر عبدالمنصور کاکڑ کی رہاگاہ بھی گئے جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔