بھیرہ (جیوڈیسک) میں مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی نگہت شیخ نے پانی پلانے میں تاخیر پر بس ہوسٹس کو تھپڑ مار ڈالا، وزیراعلی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔ بھیرہ مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی نگہت شیخ نجی بس پر سوار اسلام آباد سے لاہور آ رہی تھیں کہ بھیرہ کے قریب پانی پلانے میں تاخیر پر بس ہوسٹس کو تھپڑ دے مارا۔
واقعہ کے بعد ڈرائیور نے بس کو بھیرہ انٹر چینج پر روک لیا جبکہ مسافروں اور بس کے عملے نے ایم پی اے کیخلاف احتجاج بھی کیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی بھلوال موقع پر پہنچ گئے۔
معاملہ ختم نہ ہونے پر پولیس بس اور مسافروں کو تھانہ بھیرہ لے گئی جہاں ایم پی اے نے بس ہوسٹس مریم نواز کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا اور پولیس نے بس ہوسٹس کو گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں مریم نواز کو شخصی ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب اور آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔