اسکردو (جیوڈیسک) اسکردو میں دریائے سندھ کا پانی ائیرپورٹ سے ملحقہ گاوں حوطو میں داخل ہو گیا۔ دریا کا رہائشی علاقے سے فاصلہ صرف بیس فٹ رہ گیا ہے۔ لوگ گاوں خالی کر کے محفوظ مقام پر منتقل ہو گئے۔ دریائے سندھ میں بڑھتے ہوئے سیلابی ریلے کے باعث حوطو گاوں میں دریائی کٹاو میں غیر معمولی تیزی آگئی ہے۔ دریا کا پانی گاوں میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے۔
جس کی وجہ سے علاقے میں شدید خوف وہراس ہے۔ دریا کا فاصلہ رہائشی مکانات سے صرف 20 فٹ کی دوری پر رہ گیا ہے۔ لوگ گھروں کو خالی کر کے محفوظ مقامات پر خیموں میں منتقل ہو گئے ہیں جہاں مقامی انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک انہیں بنیادی ضروریات مہیا نہیں کی گئیں۔
پانچ سال سے دریائی کٹاو کے باعث حوطو گاوں میں ابھی تک پانچ ہزار کنال سے زائد زرعی زمین اور لاکھوں کی تعداد میں پھلدار اور غیر پھلدار درخت دریا برد ہو چکے ہیں صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی اور غفلت کی وجہ سے اب ایک ہنستا بستا گاوں تیزی سے دریا برد ہو رہا ہے۔