کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں10سے 15 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں مالی سال 2013-14 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہگریڈ ایک سے 16 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اور گریڈ سولہ سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔
قائم علی شاہ نے پنشنرز کے پنشن میں بھی اضافے کا اعلان کرتے ہو ئے پنشن میں 3 ہزار روپے اضافے کا اعلان کیا۔ تعلیم کی شعبے میں میعار کو بہتر بنایا جائیگا، جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے 185 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ پولیس کی کارکردگی میں بہتری کیلئے 89 ملین جبکہ امن وامان کی بہتری کیلئے 48 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
سندھ حکومت نے 20 ہزار پولیس اہلکار بھرتی کرنے کا بھی اعلان کیا۔ سید قائم علی شاہ نے بجٹ تقریر میں کہا بجٹ میں وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر زور دیا گیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کر سکیں۔ عوام نے انتخابات میں ہماری پالیسوں کو اہمیت دی۔
اگر سندھ ترقی کرے گا تو پاکستان کی ترقی ہو گی۔ ہم نواز شریف کو ملنے والے مینڈیٹ کو بھی تسلیم کرتے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ ہم مل کر کام کریں۔ قائم علی شاہ نے سندھ میں ڈیڑھ لاکھ نوکریاں دینے کا بھی اعلان کیا۔