کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے چار مبینہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا جبکہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران رینجرز نے انتیس مشبتہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے کورنگی کے علاقے بلال کالونی میں کارروائی کے دوران دو ٹارگٹ کلرز کامران عرف ڈاکٹر اور آصف عرف گوگا کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔
ایس ایس پی فاروق اعوان کے مطابق ملزم دس سے زائد افراد کے قتل میں ملوث ہیں۔ گلشن اقبال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ اجرتی قاتل کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او گلشن اقبال محمد عرفان کے مطابق ملزم یاسین بگٹی گاڑیاں چوری اور بھتہ خوری میں بھی ملوث ہے۔
ملزم نے پیسے لیکر قتل کرنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ رضویہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ ٹارگٹ کلر نعمان عرف کالا کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے دس افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ دوسری جانب رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران انتیس افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کر لیا۔