کراچی (جیوڈیسک) تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ بجٹ کو پندرہ دن کیلئے موخر کرکے وفاقی وزیر خزانہ صنعت کاروں سے ملاقات کریں، کراچی ایوان صنعت وتجارت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاجر رہنما سراج قاسم تیلی کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کو ایف بی آر نے قابو کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی حلف لینے کے بعد کی تقریر اور بجٹ ایک دوسرے کے برعکس ہیں، انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس اقدامات کو واپس لے ورنہ کرپشن اور مہنگائی بڑھے گی، زبیر موتی والا کا کہنا تھا کہ بجٹ حکومت نے نہیں بلکہ نوکر شاہی نے بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جانب سیلز ٹیکس سولہ سے بڑھاکر انیس فیصد کردیا گیا ہے تو دوسری جانب سات لاکھ افراد ایسے ہیں جن کے این ٹی این نمبر ہی نہیں، انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ ایسا بنایا گیا جس سے کرپشن کو ہوا ملے گی۔