ملک میں بجلی کا بحران برقرار، 14 تا 18 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ

Load Shedding

Load Shedding

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک میں بجلی کا بحران برقرار ہے ، کہیں 14 کہیں 18 گھنٹے کی لوڈ شیدنگ کی جارہی ہے بجلی کی طویل بندش نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔ ملک بھر میں بجلی کی طویل غیراعلانی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ سندھ میں عوام کو 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے۔ شدید گرمی میں بجلی کی بندش نے لوگوں کا جینا محال کردیا ہے۔

لوگوں نے راتیں گھر کے باہر گزارنا شروع کر دی ہیں۔ سوبے کے تقریبا تمام ہی علاقے اعلانی اور غیر اعلانی لوڈ شیڈنگ سے متاثر ہیں۔ کچھ علاقوں میں کم اور زیادہ وولٹیج کی وجہ سے بجلی کی مصنوعات کوبھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ بلوچستان میں بجلی کی غیر اعلانی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جوں کا توں برقرارہے۔

پنجاب بھر میں 14 سے 16 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ عوام پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ صنعتی اور تجارتی مراکز میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث معاشی سرگرمیاں بھی متاثر ہورہی ہیں۔ خیبرپختونخواہ میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14سے 16گھنٹے تک پہنچ جاتاہے۔ بیش تر علاقوں میں بجلی دن میں دو سے تین گھنٹے ہی جھلک دکھا تی ہے۔