اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے 95 فیصد عوام امن چاہتے ہیں ،صرف 5 فید لوگوں نے بلوچستان کا امن خراب کیا ہوا ہے حکومت بلوچستان میں امن و امان قائم کرنے کے حوالے سے جو بھی اقدامات کرے گی ہم اس کی حمایت کریں گے عوام نے موجودہ حکومت کو مینڈیٹ دیا ہے ہمارے پاس حکومت بنانے کے لئے مکمل مینڈیٹ نہیں تھا۔
بلوچستان کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ کوشش نہ کی گئی تو نقصان ہوگا، بجٹ میں عوام کو ریلیف ملنا چاہیے۔ منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید احمد شاہ نے کہا کہ بلوچستان میں قوم پرستوں کو مینڈیٹ ملا ہے وہ کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اگر وہ مسئلہ حل نہیں کر سکتے تو پھر کوئی نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مکمل مینڈیٹ نہیں ملا تھا موجودہ حکومت کو مکمل مینڈیٹ ملا ہے تو مسائل حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں صوبائی حکومت کے ذریعے ناراض لوگوں سے مذاکرات کرے اگر مذاکرت ناکام ہو جائیں تو پارلیمنٹ میں لے آئیں اور اس کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو جو کالیں سٹیلائٹ کے ذریعے باہر سے موصول ہوتی ہیں ان کی مانیٹرنگ کریں کہ یہ کہاں سے آتی ہیں پھر جن ممالک سے یہ کالز آتی ہیں ان سے اس سلسلے میں ان سے بات چیت کی جائے۔