ملک کے بیشتر علاقوں میں جاری پری مون سون کا سلسلہ آج ختم ہوجائیگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ مون سون سے قبل پری مون سون کی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ اب اختمام پذیر ہونے کو ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختون خوا میں ہونے والی بارشیں تھم جائیں گی۔ جس کے بعد میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر بڑھنے کا امکان ہے۔ گرمی کی اس لہر میں ہوا میں نمی کا تناسب بڑھے گا جس سے حبس میں اضافہ ہوجائے گا۔
کراچی میں شدید گرمی کے بعد ایک بار پھر گہرے بادل چھا گئے ہیں۔ لیکن یہ بادل برسے بغیر آگے نکل جائیں گے۔ یعنی سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی بارش کا سبب نہیں بنے گی۔ میدانی علاقوں میں گرمی ہے تو بالائی علاقوں میں ژالہ باری ہو رہی ہے۔ بدلتے موسم میں مری میں دو روز ژالہ باری ہوئی۔ مری میں موسم سرما کا سماں ہے۔ لوگ سردی سے بچنے کے لیے الا تاپ رہے ہیں۔ مری میں اس وقت بھی مطلع ابر آلود ہے اور بارش ہوسکتی ہے۔