امریکہ، طالبان میں براہ راست مذاکرات کل شروع ہوں گے

U.S. - Taliban

U.S. – Taliban

واشنگٹن (جیوڈیسک) افغان طالبان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سیاسی دفتر کھول لیا، امریکا اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات جمعرات کو ہوں گے۔ امریکا نے مذاکرات کی کامیابی کیلئے پاکستان سے تعاون مانگ لیا، صدر اوباما کا کہنا ہے طالبان سے بات چیت آسان نہیں کئی اتار چڑھا آ سکتے ہیں۔ افغان طالبان نے دوحہ میں اپنا سیاسی دفتر کھول لیا ہے،دوحہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طالبان کے ترجمان محمد امین نے کہا کہ قطر میں دفتر کھونے کا مقصد امن کی تلاش کیلئے کوشش کرنا ہے۔

اس سے طالبان کو امریکا سمیت دنیا بھر سے تعلقات استوار کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکا طالبان قیدیوں کو رہا کرے،طالبان کسی بھی ملک کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔ دوسری جانب امریکی حکام نے طالبان کی طرف سے دفتر کھولے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے جمعرات کو دوحہ میں طالبان سے مذاکرات کی تصدیق کی ہے۔ مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوں گے جس میں امریکی دفتر خارجہ کے سینئر عہدیدار شرکت کریں گے۔

مذاکرات میں امریکا طالبان سے القاعدہ سے رابطے اور دہشتگردی کی کارروائیاں ختم کرنے کا مطالبہ کرے گا۔ امریکا نے طالبان سے مذاکرات میں پاکستان سے بھی مدد مانگ لی ہے۔ واشنگٹن میں صحافیوں کو بریفنگ میں ترجمان محکمہ خارجہ جینیفر ساکی کا کہنا تھا پاکستان کئی بار پہلے بھی مذاکرات میں تعاون کا یقین دلا چکا ہے۔ امید ہے مذاکرات میں پاکستان مثبت کردار ادا کرے گا۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا مذاکرات میں پاکستان کے کردار کی نوعیت کا انحصار افغانستان پر ہے۔