اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ان سے حلف لیا۔ ارکان پارلیمنٹ نے امید ظاہر کہ عمران خان مثبت سیاست کا آغاز کریں گے۔ رکن قومی اسمبلی کا حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ میں میاں محمد نواز شریف کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں, میں اسمبلی میں اپوزیشن کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک پاکستانی بن کر بات کرونگا۔
اپنے خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایشیا کا کیلیفورنیا بن سکتا ہے۔ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ہمیں ایک قوم بن کر ملک کے حالات بہتر کرنا ہونگے۔ ہمیں ایک قوم بن کر سوچنا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کی وجہ نا انصافی ہے۔
امن و امان اور خوشحالی کی بنیاد عدل و انصاف پر ہے۔ بلوچستان کے حالات بھی نا انصافی کی وجہ سے خراب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر سال 1200 ارب روپیہ قرض کی ادائیگی کی صورت میں باہر چلا جاتا ہے۔ نئے ٹیکس کے نفاذ سے ملک میں تباہی مچے گی۔