کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ،کریکرحملہ اور پرتشدد واقعات کی لہر میں تیزی آگئی ہے، آج صبح سیخاتون سمیت 7افراد جاں بحق ہو گئے، گولیاں لگنے سے بچی سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق سرجانی کے علاقے خدا کی بستی سے عورت کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، جسے عباسی شہید ھسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔ نارتھ کراچی کے سیکٹر 5 سی ٹو میں نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وین ڈرائیور عمران ہلاک ہوگیا۔
کورنگی کراسنگ کے قریب بھٹائی کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 2 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں جناح ھسپتال منتقل کیا گیا، ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت قیصرکے نام سے ہوئی اور زخمیوں میں خالد اور ناصر شامل ہیں۔ لانڈھی بھینس کالونی اور اولڈ سٹی ایریا کے علاقے جونا مارکیٹ سے 2 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
ماڑی پور روڈ پر مچھر کالونی اسٹاپ کے قریب سے نوجوان کی لاش ملی، جسے تشدد کے بعد گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ملیر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے ایک بچی زخمی ہوگئی۔
منگھو پیر میں بال بم پھٹنے سے خوف و حراس پھیل گیا۔ واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ملیر سٹی سے پکنک پر جانے والے دو افراد کو اغوا کر لیا گیا، بعدمیں راجہ پرویز نامی نوجوان کی ہاتھ پاں بندھی لاش ملی جبکہ نعمان کو تشدد کے بعد چھوڑ دیا گیا۔