اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وزیر اعظم میاں نواز شریف نے نیلم جہلم پراجیکٹ میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ توانائی منصوبوں میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کہتے ہیں حکومت کو عوامی مشکلات کا ادراک ہے۔ توانائی بحران حل ہوتے ہی تمام مسائل پر قابو پالیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے آزاد کشمیر میں نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہیں منصوبے سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ منصوبے پر دو سو پچھتر ارب روپے لاگت آئے گی اور اس سے چھ سو انہتر میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ وزیر اعظم نے منصوبے میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ انیس سو چوراسی میں شروع ہونے والا منصوبہ اب تک مکمل کیوں نہیں ہوسکا۔
انہوں نے منصوبے کو ہدف کے مطابق دوہزار سولہ تک مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کو سستی توانائی کی اشد ضرورت ہے۔ میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا چاہتی ہے۔صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وفاقی وزیر پانی و بجلی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔