اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے عوام کو نوید سنائی ہے کہ حکومت نے توانائی بحران کے حل کیلئے ایک جامع پالیسی مرتب کر لی ہے، لوڈشیڈنگ کی وجہ سے گزشتہ پانچ سال میں ایک ہزار ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔ اسلام آباد توانائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں توانائی بحران سے بخوبی آگاہ ہے۔
لوڈشیڈنگ دنوں یا مہینوں میں ختم نہیں کی جاسکتی اس کیلئے دو سے تین سال کا عرصہ درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بند پاور پلانٹس کی مرمت کرکے جلد انھیں کارآمد بنائے گی۔ ملک میں اس وقت چار سے پانچ ہزار میگاواٹ بجلی کا شارٹ فال ہے جسے بہت جلد دور کر لیا جائے گا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ نندی پور پراجیکٹ میں تاخیر سے ایک سو تیرہ ارب سالانہ نقصان ہو رہا ہے۔