بینظیر بھٹو شہید کی کل ساٹھویں سالگرہ منائی جائے گی

Benazir Bhutto Shaheed

Benazir Bhutto Shaheed

پیپلز پارٹی کی سابق چیئر پرسن بینظیر بھٹو شہید کی کل ساٹھویں سالگرہ منائی جائے گی۔ پیپلز پارٹی ملک بھر میں ضلعی سطح پر سالگرہ کے کیک کاٹے گی۔ باغی گروپ ناہید خان ایوان اقبال لاہور میں سالگرہ منائے گا۔ پیپلز پارٹی نے اس بار سابق وزیر اعظم بے نظیربھٹو شہید کی سالگرہ بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی قیادت کی طرف سے ضلعی تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے وہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر سالگرہ کی تقریبات کا اہتمام کریں جس میں بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے کیک کاٹتے ہوئے پارٹی کو فعال بنانے کے لئے اقدامات کیے جائیں۔

پارٹی سے ناراض رہنما ناہید خان اور صفدر عباسی کل ایوان اقبال لاہور میں سہ پہر تین بجے سالگرہ کا کیک کاٹیں گے۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد ہوگا جن میں بے نظیر بھٹو کی ملک اور جمہوریت کیلئے جدوجہد پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ میں سہ پہر تین بجے قرآن خوانی اور دعا ہوگی۔ تقریب میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، سینٹ میں پارلیمانی لیڈر میاں رضا ربانی، اراکین قومی اسمبلی، سینیٹرز، پارٹی عہدیداران اور کارکن شرکت کریں گے۔ دعا کے بعد پارٹی رہنما لیاقت باغ راولپنڈی میں بے نظیر بھٹو کی جائے شہادت پر حاضری بھی دیں گے۔