کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان اسمبلی میں نئی حکومت نے سال 2013-14 کا 198 ارب 39 کروڑ روپے کا بجٹ پیش کردیا۔ بجٹ میں امن و امان کیلئے 16 ارب 23 کروڑ روپے اور تعلیم کیلئے 34 ارب 89 کروڑ روپے تجویز کئے گئے ہیں، بلوچستان میں گریڈ ایک سے 16 تک ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق بلوچستان میں گریڈ ایک سے 16 تک ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے جبکہ گریڈ 17 اور اوپر کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ تنخواہوں کی مد میں تقریبا 4 ارب 16 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
بجٹ تقریر کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کی ترجیح صرف اور صرف بلوچستان کے عوام کی بلاتفریق رنگ ونسل خدمت ہے، وہ کرپشن کے خلاف منظم جدوجہد کریں گے۔
تعلیم کے فروغ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ شمسی توانائی اور دوبارہ قابل استعمال توانائی کے منصوبے شروع کریں گے، بلوچستان کے عوام کیلئے وفاق سے وسائل اور ملازمتوں کامنصفانہ حصول یقینی بنایا جائے گا۔