فلسطینی وزیر اعظم رامی الحمد للہ نے اپنے دو نائب وزرائے اعظم سے اختلافات کے باعث صدر محمود عباس کو اپنا استعفی پیش کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رامی اپنے دو نائبین کے ساتھ اختیارات پر تنازعے کی وجہ سے اچانک مستعفی ہوگئے ہیں۔ انھوں نے دوہفتے قبل ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے نے بھی فلسطینی حکام کے ایک ذریعے کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ وزیر اعظم نے اپنے دو نائبین کے ساتھ اختلافات کے بعد استعفی دیا ہے تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا کہ آیا صدر محمود عباس نے ان کا استعفی منظور کر لیا ہے یا نہیں۔ رامی کو سلام فیاض کی جگہ وزیر اعظم منتخب کیا گیا تھا۔ وزیر اعظم فیاض بھی اپریل کے وسط میں صدر محمود عباس کے ساتھ اختلافات کے بعد مستعفی ہوگئے تھے۔