ممبئی (جیوڈیسک) لیجنڈ اداکار متھن چکرورتی کے بیٹے مہاکشے نے اپنے والد کو اوریجنل ڈسکو ڈانسر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ والد کے ہمراہ فلم میں رقص کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ چکرورتی کے بیٹے مہاکشے کا کہنا تھا کہ وہ پہلی بار کسی فلم میں اپنے والد کیساتھ کام کر رہے ہیں۔ فلم کا نام اینیمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلم میں اپنے والد متھن چکرورتی کیساتھ قدم سے قدم ملا کر رقص کرنا ان کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ متھن ایک وقت میں صرف ایک ہی کام پر توجہ دیتے ہیں۔ اگر وہ اداکار ہیں تو صرف اداکاری ہی کرتے ہیں۔ اگر پروڈیوسر ہوں تو پروڈیوسر کے ہی فرائض سرانجام دیتے ہیں۔
بطور باپ ان کو پورا وقت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اسی لئے اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ میں نے ایک لیجنڈ کی گود میں آنکھ کھولی اور بچپن سے ہی والد کی فلمیں شوق سے دیکھتا تھا اور اداکاری اور ڈانس کا جنون مجھ میں رچ بس گیا۔ یہی وجہ ہے کہ میری کامیابی میرے والد اداکار متھن چکرورتی کی وجہ سے ہے۔
مہاکشے کا کہنا تھا کہ جب میں چھوٹا تھا تو متھن چکرورتی فلم انڈسٹری کے سپر سٹار ہیرو تھے اور میں آج بھی جب وہ لمحات یاد کرتا ہوں تو بہت فخر محسوس کرتا ہوں اور میرے لئے یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میرے والد کے چاہنے والے بیشمار ہیں۔