پاکستان (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان کالعدم تنظیم تحریک طالبان کو اعلانیہ طورپر دنیا کا بزدل ترین گروہ قراردے جبکہ صدر زرداری نے سندھ حکومت کو ساجد قریشی کے قاتلوں کی گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔ قائد تحریک الطاف حسین کا کہنا ہے کہ ساجد قریشی اور ان کے بیٹے کی شہادت کسی قیامت سے کم نہیں۔ ساجد قریشی کی شہادت سیتحریک ایک بے لوث، مخلص اور جانثار کارکن سے محروم ہو گئی۔ اس المناک واقعے پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔
الطاف حسین نے ایم کیو ایم کے ذمہ داروں، کارکنوں اور شہید کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کیا۔ الطاف حسین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان، کالعدم تنظیم تحریک طالبان کو اعلانیہ طورپر دنیا کا بزدل ترین گروہ قرار دے۔ انہوں نے پاکستان بھر کے عوام سے اپیل کی ہے۔
کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر حق پرست رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی اور ان کے صاحبزادے وقاص قریشی کے وحشیانہ قتل کے خلاف ملک بھر میں صدائے احتجاج بلند کریں۔ صدر آصف زرداری نے ساجد قریشی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساجد قریشی کے قتل میں ملوث ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ساجد قریشی اور ان کے بیٹے کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
عمران خان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ختم کرنے کے لئے مشترکہ قومی پالیسی ناگزیرہے۔ مولانا فضل الرحمن نے بھی ساجد قریشی اوران کے بیٹے کے قتل کی شدید مذمت کی۔ گورنر اور وزیر اعلی سندھ نے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیرا طلاعات سندھ شرجیل میمن نے ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری کو فون کر کے ساجد قریشی کے قتل پر اظہار افسوس کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ شفاف تفتیش اور بروقت نتائج کو یقینی بنایا جائیگا۔