پشاور میں خودکش دھماکا، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 15 ہوگئی

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 15 ہو گئی۔ دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 3 تھی، اورخودکش حملہ آورنوجوان تھا۔ پشاور کے علاقہ گلشن کالونی میں نماز جمعہ کے دوران دہشت گردوں نے نمازیوں کو نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کے مطابق خودکش دھماکا اس وقت ہوا۔ جب مدرسہ عارف حسینیہ کی مسجد میں خطبہ جاری تھا۔ دھماکے سے کئی نمازی موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ پہلے فائرنگ ہوئی اور پھر دھماکہ ہوا، سیکیورٹی کم تھی۔ پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور 2 ساتھیوں سمیت مدرسہ کے مغربی دروازہ پہنچا۔ جس کے بعد حملہ آور اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے مسجد میں داخل ہو گیا۔ اور خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکے میں 8 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ بھی ادا کر لی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ چمکنی میں درج کر لیا گیا ہے۔ تحریک طالبان پاکستان نے دھماکے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔