ماہ جون : مہنگائی کی شرح میں 0.99 فیصد کا اضافہ

Inflation in pakistan

Inflation in pakistan

پاکستان اضافہ(جیوڈیسک) ملک بھر میں جون کے تیسرے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.99فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریئے میں 1.03 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، پاکستان بیورو شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 8 ہزار روپے تک کی ماہانہ آمدنی والے طبقے کیلئے 21 جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران قیمتوں کا حساس اشاریہ 1.03 فیصد اضافے سے 189.83پوائنٹس سے بڑھ کر 191.78 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔

تاہم کمبائنڈ گروپ کیلئے قیمتوں کاحساس اشاریہ 0.99فیصد کے اضافے سے 195.47 پوائنٹس سے بڑھ کر 197.41 پوائنٹس تک پہنچ گیا، اس ہفتے کے دوران پٹرول، ڈیزل، مٹی کاتیل، ٹماٹر، زندہ مرغی، انڈے، مٹن، بیف، پیاز، کیلے، گندم، آٹا، گڑ ،چائے ،چینی،مسور کی دال،آلو، مونگ کی دال خوردنی تیل اور ایل پی جی سمیت 32 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ سرخ مرچ ،ماش کی دال اور ادرک سمیت 3 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق تازہ دودھ دھی، گیس کے نرخ ، بجلی کے نرخ ،دودھ پاڈر،کھلا گھی اور چاول سمیت 18 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا، ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزار آمدنی ،بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزار، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.97 فیصد، 0.98 فیصد، 0.99 فیصد اور 0.99 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔