پاکستان (جیوڈیسک) آسٹریلیا مشترکہ تجارتی کمیٹی(جے ٹی سی)نے تجارتی تعلقات کے فروغ ،کاروباری وفود کے تبادلے، تجارتی نمائشوں کے انعقاد پراتفاق کیا ہے، مشترکہ کمیٹی کا چوتھا سیشن سیکرٹری تجارت منیر قریشی کی زیرصدارت گذشتہ روزاسلام آباد میں ہوا، جس میں دوطرفہ باہمی تجارت بڑھانے کے مختلف طریقوں کو زیر بحث لایا گیا۔
سیکرٹری تجارت منیرقریشی نے زوردیا کہ دونوں ممالک کو دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں مزید وسعت لانی چاہئے، دونوں ممالک کے مابین تجارت اورسرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا ٹیکسٹائل، زراعت، انجینئرنگ اور ایس ایم ای ایس کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دے کر معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
آسٹریلیا کے نمائندوں نے دو طرفہ تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری سمیت سکل ڈویلپمنٹ اور مختلف اداروں کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی، میٹنگ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو آم کی برآمدات کا بھی جائزہ لیا، اس حوالے سے جولائی کے پہلے ہفتے میں آسٹریلیا کا ایک وفد پاکستان کا دورہ کریگا، آسٹریلیا کی طرف سے ہارٹی کلچر کے شعبہ میں بھی تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔