پشاور (جیوڈیسک) خیبرپختونخوا اسمبلی میں سپیکر کی عدم موجودگی کے خلاف اپوزیشن نے واک آوٹ کیا، ملک میں موجودہونے کے باوجود اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر اپوزیشن نے سپیکر اسد قیصر پر شدید تنقید کی۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کا بجٹ اجلاس ڈپٹی سپیکر امتیاز شاہد قریشی کی صدارت میں جاری ہے، اجلاس میں بجٹ پر بحث کی جارہی ہے۔
بجٹ اجلاس میں تین دن سے سپیکر کی غیرحاضری پر اپوزیشن نے شدید تنقید کی اور ایوان سے واک آوٹ کیا۔اے این پی کے ایم پی اے سردراحسین بابک نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سپیکر اسد قیصر ملک میں موجود ہونے کے باوجود اجلاس میں شرکت نہیں کررہے ،ان کا کہناتھا کہ اسد قیصر صوابی میں اپنے بھائی کیلئے ضمنی الیکشن کیلئے مہم چلا رہے ہیں۔
اپوزیشن نے سپیکر کی غیرحاضری پرایوان سے واک آوٹ کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن حکومتی موقف سنے بغیر تنقید سے گریز کرے ان کا کہناتھا کہ سپیکر ذاتی وجوہات کی بنا پر اسلام آباد میں ہیں ،ڈپٹی سپیکر کی ہدایت پر اسرار گنڈاپور، شوکت یوسفزئی اور سکندر شیرپاو اپوزیشن کو منا کر واپس لے آئے۔