لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی میں تیسرے روز بھی بجٹ پر بحث جاری رہی ،وزیر خزانہ کی ایوان میں عدم حاضری پر اپوزیشن لیڈر نے احتجاج کیا تو وزیر خزانہ اپنی مصروفیات چھوڑ کر اسمبلی پہنچ گئے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر رانا محمد اقبال کی زیرصدار ت ہوا، اپوزیشن لیڈر محمود الرشید نے نشاندہی کی۔
قائد ایوان اجلاس میں آتے ہیں اور نہ ہی وزیر خزانہ موجود ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کے نقطہ اعتراض کے پندرہ منٹ بعد وزیر خزانہ مجبتی شجاع الرحمان ایوان میں پہنچ گئے۔ اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ توانائی بحران کے لیے بجٹ میں بیس ارب روپے کی رقم ناکافی ہے۔
حکومتی رکن شیخ علاوالدین نے توجہ دلا نوٹس پر کہا کہ مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے۔ پرائس کنٹرول کمیٹیاں کہاں ہیں ۔؟ جس پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے حکم دیا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کیا جائے۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے تین مرتبہ کورم کی نشاندہی کی۔