دوحا (جیوڈیسک) قطر میں فرینڈز آف سیریا گروپ کا اجلاس شروع ہو گیا، عالمی رہنماوں کی جانب سے شام میں باغیوں کو اسلحے کی فراہمی اور حمایت پرغور کیا جا رہا ہے۔ قطرکے دارالحکومت دوحا میں ہونے والی کانفرنس میں امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، مصر، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکی اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ شریک ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ شام کی اپوزیشن جماعتوں کی مدد کرکے عدم توازن کو ختم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں موجود رہنما شام کے بحران کے خاتمے کیلئے مختلف تجاویز دے کر وسیع البنیاد حل کی راہ ہموار کریں گے۔ قطر کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شام کی اپوزیشن کو اسلحہ فراہم کرنا امن کے قیام کا واحد راستہ ہے۔