جب مرو تو لوگ تمہاری موت پر افسوس کریں( شب ِبراءت)

Generator

Generator

میں جانتا ہوں کہ میرا یہ کالم پرنٹ میڈیا کی زینت بننے کے علاوہ کِسی کا سخت دِل موم کر نے کے کام ہر گز نہیں آئے گامگرخوفِ خدا وندی نے لکھنے پر مجبور کر دیا ہے۔ جِس کے گھر U.P.S یا جنریٹر ہے وہ گرمی کی شدت سے آشنا ء نہیں وہ گرمی گرمی آلاپ تو سکتا ہے مگر اِس کی شدت کے پیمانے کو ناپ نہیں سکتا۔ آتش گیر مواد بنانے والی مختلف کمپنیوں میں گزشتہ 5 سالوں کے دوران 30 سے زائددِل دہلا دینے والے واقعات میں 80 کے قریب افراد لقمہِ اجل بن چکے ہیں۔ مگر یہ موت کی خبر اُن کیلئے بے ذائقہ اور فضول ہے جنہوں نے ملک الموت کا دیدار نہیں کیا انہیں اپنی یا اپنے کِسی پیارے عزیز کی ناگہانی موت کا احساس نہ ہونا اِن کی معصومیت اور بھول پن کی اول ترین نشانی ہے۔ انہیں اپنے معصوم بچوں اور بیویوں کا پیٹ پالنے کیلے اپنی کمپنیوں میں آتش بازی کا سامان مجبوری کے تحت بنانا پڑتا ہے۔ بلاشبہ شب ِ براء ت ایک ایسی عظیم رات ہے جِس رات میں انسان کے آنے والے سال کا تمام تر بجٹ پیش کیا جاتا ہے۔

اُسے کتنا رزق ملے گا، کتنی عمر پائے گا، زندگی موت، شہرت دولت یعنی اُس کی ذات سے متعلق تمام تر فیصلے کر لیے جاتے ہیں، نامہِ اعمال تبدیل ہوتے ہیں اور گزشتہ دفتر بند کر دیے جاتے ہیں ۔لہذا علماء اکرام اِس رات گوشہ نشین ہو کر یکسوئی سے عبادت و ریاضت کے ساتھ ساتھ کثرت سے استغفار کا مشورہ بھی دیتے ہیں۔ مگر شیطانیت مختلف اقسام کے چھوٹے موٹے بم، پٹاخوں ،ڈھول ڈھمکااور ناچ گانوں کی صورت میں تمام رات نوجوانوں کے دِل ودماغ پر حکومت کرتی نظر آتی ہے۔ پٹاخوں کی دِل دہلادینے والی آوازیں بزرگوں اور عبادت میں مصروف اللہ والوں کیلئے اذیت ناک ثابت ہوتی ہیں۔ شب ِ براء ت کی آمد کے ساتھ ہی آتشبازی کے شیطانی کاروبار نے ہر سال کی طرح امسال بھی زور پکڑ لیا ہے۔ آتشبازی کے یہ گھنائونے کاروبار پروان چڑھائے جانے والے ناجانے وہ کونسے خفیہ مقامات ہیں جِن تک صاحبِ اقتدار کی رسائی ممکن نہیں۔ جان کی امان پائوں تو کیا جان سکتا ہوں کہ یہ تمام غیر قانونی گندے دھندے جِس جگہ پر ہوتے ہیں کیا وہ پاکستان کے نقشے میں شامل نہیں؟ اگر ہے تو ہمارے علم میں کیوں نہیںاور اگر علم میں بھی ہے تو اُن تک رسائی کیوں نہیں ؟ سنا ہے کہ پشت بندھائی کرنے والا برابر کا شریک کار ہوتا ہے۔

Containers

Containers

ایک معتبر اخبار کی خبر کے مطابق پڑوسی ملک سے شب ِ براءت کیلئے درجنوں کنٹینرز میں آتشبازی کا خطرناک سامان منگوائے جانے کے بارے میں علم ہوا ہے۔ موت کا یہ سامان مختلف ٹرک اڈوں کی مدد سے ملک کے دیگر علاقوں میں بھجوایا جائے گا۔ کِسی غریب کے معصوم اکلوتے لختِ جگر کی ایک آنکھ ضائع ہو جائے، ایک ٹانگ یا ہاتھ آتشبازی کی نطر ہو یا پھر کِسی معصوم کی زندگی کا چراغ ہی گُل ہو جائے اِن تمام دقیانوسی اور جزباتی باتوں سے کِسی کے محنت پسینے سے شروع کیے گئے کاروبار پر اثر انداز ہونانا ممکن ہے۔ اِس شیطانی کھیل کو ختم کرنے کیلئے پولیس شب ِ براء ت کی شب مختلف گلی محلوں میں ہر سال کی طرح ریٹ کرتی ضرور نظر آئے گی اور چھوٹے موٹے پھٹوں پر دو چار سو کا آتشگیر مواد سجائے بیچنے والوں کو عبرت کا نشانہ ضرور بنایا جائے گا۔ ہم نے عہد کر رکھا ہے ظلم کے خلاف جہاد ضرور کریں گے اور نیچے سے لیکر اُوپر تک جائیں گے برائے راست اُوپر والوں پر ہاتھ ڈالنا کہاں کا انصاف ہے۔

ہمیشہ چھوٹو ں کو سیڑھی بنا کر پورا گینگ پکڑ لیا جاتا ہے ڈائریکٹ بڑے پر ہاتھ ڈالنے سے تو ہزاروں نئے بننے والے مجرموں کی تلاش اور گرفتاریاں ناممکن ہو جائیںگی۔ چھوٹی مچھلیاں نہ صرف کِسی قسم کا نقصان پہنچا سکتی ہیں بلکہ اُن کی کثیر تعداد منافع بخش بھی ثابت ہوتی ہے۔ یہ معافی کی رات، شفاعت کی رات ، مغفرت کی رات ہے۔ اِس رات میں اللہ پاک بنی کلب کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ لوگوں کی مغفرت فرما دیتا ہے۔ مورخین لکھتے ہیں کہ بنی کلب قبیلے کے پاس اِس قدر بکریاں پائی جاتی تھیں جِن کا شمار ناممکن تھا۔ حدیثِ مبارک صلی اللہ علیہ وسلم کا مفہوم ہے اس رات سال بھر کے اعمال اٹھائے جاتے ہیں۔ اور جب شعبان کی پندرہویں رات آتی ہے تو ملک الموت کو ایک کتاب دی جاتی ہے اور کہا جاتا ہے جِن کے نام اِس کتاب میں ہیں اِن کی روحیں قبض کرو کیا خبر امسال ملک الموت کو دی جانے والی کتاب میں ہمارا نام بھی شامل ہو۔

خوش حال خان خٹک نے کہا تھا کہ جب مرو تو لوگ تمہاری موت پر افسوس کریں، سانپ اور بچھو نہ بنو کہ تمہارے مرنے سے کِسی کا دِل ٹھنڈا ہو۔ اللہ پاک نے توبہ کے دروازے دِن رات کھلے رکھے ہیں ابھی بھی کچھ نہیں بگڑا بخشش کی رات ہماری منتظر ہے اور کیا ہم خوش نصیب نہیں کہ اِس رات کو ایک بار پھر اپنی زندگی میں پا رہے ہیں ؟ اپنے تمام تر گندے دھندے آج سے بند کر کے کِسی اچھے کاروبار کی نیت کر لیں کہ حدیثِ مبارکہ میں آتا ہے اللہ پاک نیتوں کے بھیت خوب جانتا ہے آخر میں شب براء ت کے حوالے سے بیہقی شریف کی حدیثِ مبارکہ صلی اللہ علیہ وسلم اُم المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا میرے پاس جبرئیل آئے اور کہا یہ شعبان کی پندرھویں رات ہے اِس میں اللہ تعالیٰ جہنم سے اتنوں کو آزاد فرماتا ہے جتنے بنی کلب کی بکریوں کے بال ہیں مگر کافر اور عداوت والے اور رشتہ کاٹنے والے اور کپڑا لٹکانے والے اور والدین کی نا فرمانی کرنے والے اور شراب کی مداومت کرنے والے کی طرف نظرِ رحمت نہیں فرماتا۔

Mohammad Ali Rana

Mohammad Ali Rana

تحریر : محمد علی رانا