ترکی (جیوڈیسک) کے شہر استنبول میں حکومت مخالف مظاہرین کو پولیس نے منتشرکر دیا۔ تقسیم سکوائر پر پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ کی گئی اور پانی کی توپ چلائی گئی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔ استنبول کے تقسیم سکوائر پر مظاہرین گزشتہ 3 ہفتے قبل پولیس سے جھڑپوں کے دوران ہلاک ہونے والے 4 افراد کی یاد میں دھرنا دیے بیٹھے تھے کہ پولیس انہیں منتشر کرنے کیلئے وہاں پہنچی جس پر وہاں موجود مظاہرین اور پولیس میں جھڑپ ہوگئی۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور پانی کی توپ کا استعمال کیا۔ حکومت کے خلاف کئی روز سے مظاہروں کا سلسلہ جاری اور حکومت نے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ پولیس کی جانب سے آنسو گیس، لاٹھی چارج اور ربڑ کی گولیوں کی برسات کے بعد آخر کار تقسیم چوک خالی کروا لیا گیا۔
پولیس نے استبول کے تقسیم چوک پر جمع ہونے والے ہزاروں مظاہرین کو تقسیم سکوائر سے باہر نکال دیا۔ جواب میں مظاہرین پولس پر پتھرائو کرتے رہے۔ ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب اردگان نے ایک بیان میں کہا کہ مظاہروں میں ترکی کے دشمن ملوث ہیں۔