بھارت نے دوسری بار چیمپینز ٹرافی جیت لی۔ فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو پانچ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کے ایم ایس دھونی آئی سی سی کے تینوں فارمیٹ جیتنے والے کپتان بن گئے۔ انگلینڈ کو دوسری بار فائنل میں شکست ہوئی۔
برمنگھم میں بارش کی وجہ سے میچ کو بیس بیس اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ جس میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں سات وکٹ پر ایک سو انتیس رنز بنائے۔ جسمیں ویرات کوہلی تینتالیس، رویندرا جڈیجا تینتیس اور شیکھر دھوان اکتیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔ روی بوپار ہ نے تین کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔
جواب میں انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ رہا ایک موقع پر انگلینڈ کی چار وکٹیں چھیالیس رنز پر گر چکی تھیں۔ اس موقع پر ای اون مورگن تینتیس اور روی بوپارہ تیس رنز نے چونسٹھ رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح کے قریب لے آئے تھے۔ لیکن مورگن کے آٹ ہوتے ہی باقی سارے بیٹسمین یکے بعد دیگر آٹ ہوتے چلے گئے اور پوری انگلش ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں پر ایک سو چوبیس رنز پر بنا سکی۔ یوں بھارت نے پانچ رنز سے چیمپینز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ بھارت کی جانب سے ایشون، جڈیجا اور اشانت شرما نے دو دو وکٹیں لیں۔