امریکی وزیر خارجہ آج بھارتی وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے

John Kerry Manmohan Singh

John Kerry Manmohan Singh

نئی دہلی (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری آج بھارت کے وزیر اعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر علاقائی سلامتی کے مسائل، نیٹو افواج کا انخلا اور افغانستان میں آئندہ سال ہونے والے انتخابات پر بات ہوگی۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کل نئی دلی پہنچے تھے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آج بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کے دوران امریکا اور بھارت کے مابین تجارت اور کاروبار کے فروغ کیلیے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ اس موقع پر ماحولیات کے تحفظ کیلیے بھی بات ہو گی۔ جبکہ پاکستان اور ایران کی نو منتخب حکومتیں اور خطے میں سیکیورٹی معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔

گذشتہ روز نئی دلی میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2014 کے دوران افغانستان میں ہونے والے انتخابات میں بھارت کا مرکزی کردارہو گا، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت افغانستان میں ہونے والے انتخابی عمل کو مزید بہتر بنا سکتی ہے۔