بھلومار مسائل کا گڑھ، اراکین اسمبلی وعدے پورے کریں

تلہ گنگ : بھلومار مسائل کا گڑھ، اراکین اسمبلی وعدے پورے کریں،انسان بھی جانوروں کے ساتھ گھاٹ پر پانی پینے کے لئے مجبور، پرائمری سکول کی بلڈنگ خطرناک گرلز سکول میں سائنس ٹیچر نہیں، بھلومار کے شہری اراکین اسمبلی کے خلاف پھٹ پڑے، تفصیلات کے مطابق بھلومار مسائل کا گڑھ بنا ہوا ہے۔

شہریوں نے نئی بات ‘کو بتایا کہ واٹر سپلائی یونین کونسل بھلو مار،اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے، ایک مہینہ میں ایک دن پانی ملتا ہے جبکہ انتیس دن انسان اور جانور ایک ہی گھاٹ سے پانی پینے پر مجبور ہیں،متعدد بار درخواستیں دی گئیں مگر اراکین اسمبلی صرف ووٹ لینے کے لئے منتیں کرتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ،کروڑوں روپے کی لاگت سے شروع ہونے والی موضع بھلومار کی الگ پائپ لائنیں عرصہ دراز سے التواء کا شکار چلی آ رہی ہے اسے مکمل کیا جائے تا کہ یہاں کے باسیوں کا پانی کا مسئلہ حل ہو،شہریوں نے بتایا کہ پاکستان کے ہم عمر گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول بھلو مار کی عمارت کو محکمہ بلڈنگ خطر ناک قرار دے چکا ہے۔

طلباء کڑی دھوپ اور شدید شردی میں درختوں کے نیچے بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، اراکین اسمبلی ،تعلیم کے حکام سکول کی عمارت کی تعمیر نو کروائیں، شہریوں نے گرلز ہائی سکول بھلومار میں سائنس ٹیچر کی خالی آسامیاں پر کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔